یلاپور ،10 ؍ جولائی (ایس او نیوز) پولیس نے چند دن قبل پیش آئے ہوئے ایک قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے اپنے شوہر کو قتل کرنے کے بعد اس کی گمشدگی کی شکایت درج کروانے والی بیوی سمیت 4 ملزمین کو گرفتار کرلیا۔
بتایا جاتا ہے کہ شویتا نائک (29 سال)نامی خاتون نے 14 جون کو یلاپور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی کہ اس کا شوہر راجیش نائک (29 سال) 10جون کی شام 7 بجے سے لاپتہ ہوگیا ہے۔ اس معاملہ کی تحقیقات کے لئے پولیس نے دو ٹیمیں تشکیل دیں۔ تحقیقاتی ٹیم نے راجیش نائک کے گھر والوں سے سختی کے ساتھ پوچھ تاچھ شروع کی تو معلوم ہوا کہ راجیش اپنی بیوی کے ساتھ جائیداد کے معاملہ میں بار بار جھگڑا کیا کرتا تھا ۔ اسی ضمن میں 10 جون کو راجیش نے سسرال میں اپنی بیوی، ساس، سسر اور سالے کے ساتھ جھگڑا کیا تھا۔ جس کے نتیجہ میں مار پیٹ شروع ہوئی اور راجیش کو گھونسوں اور لاٹھی سے پیٹ کر ہلاک کردیا گیا۔ پھر لاش کو جلانے کے بعد اس کی ہڈیاں، موٹر سائیکل، موبائل فون، چپلیں وغیرہ جنگل میں پھینک دی گئیں، تا کہ گم شدگی کی شکایت درج کرنے پر تحقیقات کرنے پر اگر یہ چیزیں مل بھی گئیں تو اسے شکار کے لئے جانے اور کسی درندے کے ذریعے ہلاک کیے جانے کا کیس بن جائے۔
اس حقیقت کے روشنی میں پولیس نے راجیش کی بیوی شویتا کے علاوہ راجیش کے سسر دیپک بدھا مراٹھی، سالا گنگا دھر مراٹھی اور ساس یمونا دیپک مراٹھی کو راجیش کے قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ اس کیس کو اعلیٰ پولیس افسران کی رہنمائی میں سرکل انسپکٹر سریش یلّور، پی ایس آئی منجو ناتھ گوڈر، پروبیشنری پی ایس آئی مشاہد احمد اور دیگر اہلکاروں کی ٹیم نے حل کیا۔